راولپنڈی: شادی کی تقریب میں فائرنگ کرنے والی دلہن گرفتار

گوجر خان(کیو این این ورلڈ/نامہ نگارشیخ ساجد قیوم ) راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان کے تھانہ مندرہ کے علاقے گوہڑہ میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والی دلہن کو پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ دلہا موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق دلہن ثناء شہریار شادی کی تقریب میں فائرنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئیں۔ کارروائی کے دوران ان کے پاس اسلحہ لائسنس بھی موجود نہیں تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع خفیہ مخبر کے ذریعے موصول ہوئی تھی، جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔ موقع سے پستول اور گولیاں بھی برآمد کر لی گئیں جبکہ دلہے کی تلاش کے لیے تعاقب جاری ہے۔

پولیس کے مطابق دلہے نے دلہن کو پستول فراہم کیا اور تقریب میں ہوائی فائرنگ کی ویڈیو بھی سامنے آ چکی ہے۔ اس دوران دلہن نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم لیڈی کانسٹیبل نے اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار دلہن کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب دلہن کے ورثاء کی جانب سے ضمانت کی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے