واشنگٹن(کیو این این ورلڈ) امریکی ریاست واشنگٹن میں ایک حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ہینری فورڈ کی سوانح حیات پر مبنی کتاب تقریباً 64 برس بعد لائبریری کو واپس کر دی گئی ہے۔ رِچ لینڈ پبلک لائبریری کی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر اس دلچسپ واقعے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ایلن نیونس کی مشہور تصنیف “Ford: The Times, The Man, The Company” کا ایک نسخہ حال ہی میں ایک شہری نے واپس کیا ہے۔ مذکورہ شخص کو یہ کتاب اپنے ذخیرہ کتب میں ملی تھی، جو اس نے اپنے ایک دوست سے حاصل کی تھی اور معلوم ہونے پر اسے فوری طور پر لائبریری کے حوالے کر دیا۔
لائبریری ریکارڈ کے مطابق یہ کتاب 17 مارچ 1962 کو واپس کی جانی تھی، تاہم اس کی واپسی میں 63 برس اور 11 ماہ کا طویل عرصہ لگ گیا۔ لائبریری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر پرانے قوانین کے مطابق لیٹ فیس کا حساب لگایا جاتا تو اس کتاب پر ہزاروں ڈالر کا جرمانہ عائد ہو سکتا تھا، لیکن خوش قسمتی سے لائبریری کو 2022 میں مکمل طور پر "فیس فری” کر دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے کتاب واپس کرنے والے پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑا۔ اس انوکھے واقعے نے سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے اور اسے لائبریری کی تاریخ کا ایک یادگار واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔