ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/عمران کھوسہ) ڈیرہ غازی خان کے علاقے تمن کھوسہ میں تعینات بی ایم پی کے تھانہ سیمنٹ فیکٹری کے ایس ایچ او یونس کھوسہ کے تبادلے پر ان کی رخصتی ایک جذباتی اور یادگار لمحہ بن گئی۔ بارڈر ملٹری پولیس کے افسران و اہلکاروں نے انہیں پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے، ہار پہنا کر اور گلے لگا کر رخصت کیا۔ اس موقع پر موجود افراد کی آنکھوں میں عقیدت اور احترام کے جذبات نمایاں تھے اور فضا جذباتی مناظر سے بھر گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقے تمن کھوسہ میں واقع تھانہ سیمنٹ فیکٹری میں خدمات انجام دینے والے ایس ایچ او یونس کھوسہ گزشتہ تین برس کے دوران مختلف تھانوں میں بطور ایس ایچ او تعینات رہے۔ اپنے دورِ تعیناتی کے دوران انہوں نے جرائم پیشہ عناصر اور ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں اور علاقے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔

ذرائع کے مطابق یونس کھوسہ نے افسرانِ بالا کی ہدایات کی روشنی میں متعدد اہم آپریشنز کی نگرانی کی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح بنایا۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات مندی اور فرض شناسی کو افسران اور عوام دونوں نے سراہا۔

ان کی نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں اعلیٰ حکام کی جانب سے انہیں نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا۔ ساتھی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ یونس کھوسہ نے ہمیشہ ٹیم ورک کو فروغ دیا اور مشکل حالات میں بھی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔

رخصتی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اہلکاروں نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ جہاں بھی تعینات ہوں گے، اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے محکمہ پولیس کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ یونس کھوسہ کی یہ رخصتی اس امر کی عکاس ہے کہ دیانت داری، محنت اور جرات سے انجام دی گئی خدمات ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں جگہ بنا لیتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے