گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی پولیس نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو ملنے والی امدادی رقم میں مبینہ کٹوتی کرنے والے دو ڈیوائس ہولڈرز/ایجنٹس کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کے احکامات پر پولیس نے مستحق خواتین کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ پولیس کے مطابق اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ کچھ افراد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے خواتین کو ملنے والی امدادی رقم میں فراڈ کرتے ہوئے ناجائز کٹوتی کر رہے ہیں۔

تھانہ اباڑو پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ چند نوسرباز مستحق خواتین کو ملنے والی حکومتی امدادی رقم میں سے اضافی کٹوتی کر رہے ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مین روڈ اباوڑو پر ایک دکان پر چھاپہ مارا اور دو ڈیوائس ہولڈرز کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک ڈیوائس اور ایک موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت ساجد علی ولد ذاکر حسین رند اور جاوید احمد ولد کیھر رند کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا اور ان کے خلاف کرائم نمبر 45/2026 کے تحت دفعات 420، 406 اور 147 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ترجمان گھوٹکی پولیس کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو ملنے والی امدادی رقم میں کٹوتی کرنے والے مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے