لاہور (کیو این این ورلڈ):بھاٹی گیٹ کے علاقے میں ماں اور بیٹی کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے سے متعلق مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ ضلع کچہری لاہور کی عدالت نے گرفتار پانچوں ملزمان کو صلح کی بنیاد پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے صلح کے پیشِ نظر ملزمان کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں۔ سماعت کے دوران مدعی نے عدالت کو بتایا کہ وہ ملزمان کے خلاف مزید کارروائی نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی انہیں بری یا مقدمے سے ڈسچارج کیے جانے پر کوئی اعتراض ہے۔
کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شفقت عباس نے کی۔ یاد رہے کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ بھاٹی گیٹ پولیس نے درج کر رکھا تھا۔ مقدمے میں نامزد ملزمان میں سلمان یاسین، عثمان یاسین، احمد نواز سمیت مجموعی طور پر پانچ افراد شامل تھے۔
واضح رہے کہ مذکورہ سانحہ شہر میں ناقص نکاسیٔ آب اور کھلے مین ہولز کے باعث پیش آنے والے خطرناک واقعات پر ایک بار پھر سوالیہ نشان بن کر سامنے آیا تھا، تاہم فریقین کے درمیان صلح کے بعد قانونی کارروائی آگے نہیں بڑھائی گئی۔