کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاروقاراحمد اعوان) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کشمور کے تحت گورنمنٹ ہائی اسکول میں "بیلٹ بَز” کے عنوان سے انتخابی آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس تقریب میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالرزاق، پرنسپل خیر محمد ملک، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد نوجوان نسل میں ووٹ کی اہمیت اور جمہوری عمل کا شعور اجاگر کرنا تھا۔

سرگرمی کے دوران طلبہ نے رنگین کاغذوں اور چارٹ شیٹس کی مدد سے ایک طویل پیپر چین تیار کی، جسے ‘بیلٹ بَز’ کا نام دیا گیا۔ ہر طالب علم نے اس چین پر ووٹ اور جمہوریت سے متعلق اپنا پیغام تحریر کیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو ان کی آئینی ذمہ داریوں کا احساس دلانا تھا۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالرزاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل جمہوریت کے استحکام کے لیے کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے عمل سے واقفیت حاصل کریں اور اپنے اہل خانہ کو بھی اس حوالے سے آگاہ کریں۔

پرنسپل خیر محمد ملک نے الیکشن کمیشن کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے طلبہ میں قومی ذمہ داری کا احساس پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے اسکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے