ڈیرہ غازی خان: بواٹہ چیک پوسٹ نے اسلحہ اسمگلنگ ناکام بنا دی، ملزم گرفتار ، راکھی گاج ولیس کی کارروائی، ڈکیت گینگ کے دو اہم ارکان موٹر سائیکل سمیت گرفتار

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) بارڈر ملٹری پولیس نے پنجاب اور بلوچستان کی سرحد پر کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس امیر تیمور خان کی ہدایت پر بواٹہ کے علاقے میں کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ حکام کے مطابق پکڑے گئے اسلحے میں 86 پستول، 3 ایم پی فائیو سب مشین گنز، 22 میگزین اور 18 ہزار کارتوس شامل ہیں۔

کارروائی کے دوران ملزم شفیق کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے اور اسے پنجاب سے بلوچستان اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

دوسری جانب بارڈر ملٹری پولیس نے جرائم پیشہ عناصر، اسمگلروں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ کمانڈنٹ امیر تیمور کے حکم پر رسالدار تمن لغاری، سردار عبداللہ خان لغاری اور ان کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔

ادھر تھانہ راکھی گاج کے ایس ایچ او لیاقت عباس لغاری نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے دو اہم ارکان کو ڈکیتی شدہ موٹر سائیکل سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان ڈیرہ غازی خان سے موٹر سائیکل چھین کر اسے فروخت کرنے کے لیے بلوچستان لے جا رہے تھے تاہم بروقت کارروائی کر کے انہیں دھر لیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے