بنوں(کیو این این ورلڈ) سکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں میں پاک فوج کی گاڑی پر ہونے والے خودکش حملے کے تانے بانے افغانستان سے مل گئے ہیں۔ حملے کی ذمہ داری فتنہ الخوارج کے ذیلی گروہ اتحاد المجاہدین نے قبول کرلی ہے، جس کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے بتایا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اتحاد المجاہدین دراصل حافظ گل بہادر گروپ کا حصہ ہے اور اس گروہ کا مرکزی سرغنہ گل بہادر سمیت دیگر دہشت گرد افغانستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حافظ گل بہادر گروپ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی اور فتنہ انگیزی کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 4 مارچ 2025 کو رمضان المبارک کے دوران بنوں کینٹ پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری بھی اسی گروہ نے قبول کی تھی اور اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان سے کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں 2 ستمبر 2025 کو فیڈرل کانسٹیبلری بنوں پر حملے میں بھی فتنہ الخوارج ملوث تھا، جس میں میجر عدنان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ میرعلی سمیت شمالی اور جنوبی وزیرستان میں متعدد حملوں کی ذمہ داری بھی اسی گروپ نے قبول کی، جبکہ ان حملوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری افغانستان سے کی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ گل بہادر سمیت فتنہ الخوارج کی مرکزی قیادت افغانستان میں موجود ہے، جو افغان سرزمین کے دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کو افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں 70 فیصد سے زائد عناصر افغان نژاد یا افغانستان سے مربوط نیٹ ورکس سے تعلق رکھتے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی سرپرستی خطے میں امن کی کوششوں کو مسلسل سبوتاژ کر رہی ہے اور پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو تقویت دے رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے