راولپنڈی(کیو این این ورلڈ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کے حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کو خودکش بمبار کی گاڑی سے متعلق خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر فورسز نے علاقے میں آپریشن شروع کیا۔ آپریشن کے دوران خوارج کا سراغ لگا لیا گیا۔ ایک گاڑی میں سوار خودکش بمبار کو اگلے دستے نے بروقت روک لیا، تاہم دہشتگردوں نے مایوسی میں بارود سے بھری گاڑی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کی مؤثر کارروائی میں 5 خوارج مارے گئے جبکہ بروقت ایکشن سے بنوں کو بڑے سانحے سے بچا لیا گیا۔ دہشتگردوں کے بنوں شہر میں معصوم شہریوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے گئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ماہ مقدس میں بھی خوارج کی افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردانہ سرگرمیاں جاری ہیں، اور رمضان کے تقدس کی پامالی سے واضح ہوتا ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ طالبان حکومت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان خوارج کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا اور ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسداد دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ بہادر سپاہیوں کی قربانیاں قوم کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے