ڈھاکا (کیو این این ورلڈ)بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جہاں ملک بھر میں سیاسی میدان پوری طرح سج چکا ہے اور یہ سوال زبانِ زدِ عام ہے کہ وزارتِ عظمیٰ کا تاج آخر کس کے سر سجے گا۔ انتخابات میں بی این پی اور بنگلادیش جماعتِ اسلامی کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات میں 50 سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ 12 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ ملک بھر کے 299 حلقوں میں پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7:30 بجے شروع ہوئی جو شام 4:30 بجے تک جاری رہے گی۔

قومی پارلیمان کی 300 نشستوں کے لیے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی)، بنگلادیش جماعتِ اسلامی، نیشنل سٹیزن پارٹی اور جماعتی پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں۔ حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو 151 نشستیں حاصل کرنا ضروری ہے۔

بی این پی کی جانب سے سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے صاحبزادے طارق رحمان وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہیں، جبکہ جماعتِ اسلامی کی جانب سے شفیق الرحمان کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

دوسری جانب عوامی لیگ کی سربراہ اور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے اگست 2024 میں اقتدار سے ہٹنے میں کردار ادا کرنے والی جین زی پر مشتمل نیشنل سٹیزن پارٹی بھی جماعتِ اسلامی کے اتحاد میں شامل ہے۔ پابندی کے باعث عوامی لیگ کے امیدوار اس الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے۔

انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ملک بھر میں فوج تعینات ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ انتخابات کو شفاف، آزاد اور غیر جانبدار بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ بنگلادیش میں قومی انتخابات سے قبل سامنے آنے والے ایک تازہ عوامی سروے میں بھی بی این پی اور جماعتِ اسلامی کی قیادت میں بننے والے اتحاد کے درمیان سخت مقابلے کی پیشگوئی کی گئی تھی۔ سروے کے مطابق بی این پی کی قیادت میں قائم اتحاد کو 44.1 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ جماعتِ اسلامی کے زیرِ قیادت 11 جماعتوں پر مشتمل اتحاد کو 43.9 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق نتائج جو بھی ہوں، یہ انتخابات بنگلادیش کی سیاست کے مستقبل کا رخ متعین کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے