حکومت نے ملک میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کمرشل اور پرائیویٹ ڈرون اڑانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق ملک بھر میں کسی بھی نوعیت کے کمرشل یا نجی ڈرون کی پرواز کی اجازت نہیں ہوگی اور اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔

اسلام آباد کے ضلعی مجسٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈرونز پر پابندی سکیورٹی خدشات کے باعث لگائی گئی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیبر پختون خوا حکومت نے ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی مشکوک ڈرون یا آلے کی برآمدگی کی صورت میں متعلقہ علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لیا جائے اور بم ڈسپوزل یونٹ یا تربیت یافتہ عملہ ہی ایسے مواد کو ہینڈل کرے۔

بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ امن و امان میں ممکنہ خلل کے خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

اسی تناظر میں ڈیرہ غازی خان اور وادی نیلم میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جبکہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ایک ماہ کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر کیے گئے ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے