راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف اور کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 41 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 29 جنوری کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں، جن کا مقصد دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا مکمل خاتمہ کرنا تھا۔

آئی ایس پی آر کی رپورٹ کے مطابق، پہلی بڑی کارروائی ہرنائی ضلع کے نواحی علاقے میں کی گئی جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ‘فتنہ الخوارج’ اور ‘فتنہ الہندوستان’ سے تعلق رکھنے والے 30 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جسے فورسز نے موقع پر ہی تلف کر دیا۔

دوسری کارروائی ضلع پنجگور میں انجام دی گئی، جس میں ‘فتنہ الہندوستان’ کے 11 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ ساتھ بینک ڈکیتی کی لوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ رقم 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ایک نجی بینک سے لوٹی گئی تھی۔ یہ دہشت گرد ماضی میں بھی متعدد تخریب کارانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ہلاکتوں میں ملوث رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کے پیشِ نظر کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔ سکیورٹی حکام نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ ‘عزمِ استحکام’ کے وژن کے تحت غیر ملکی ایما پر ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی اور وطنِ عزیز کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے