ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو اور ڈی پی او ارسلان زاہد کی زیر صدارت بیساکھی میلے کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تیاریوں اور سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ، ضلعی افسران اور سردار سرجیت سنگھ کنول سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بیساکھی میلے کی تقریبات 10 اپریل سے 13 اپریل تک جاری رہیں گی، جن میں بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کو بہترین سہولیات اور فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بیساکھی میلے پر آنے والے یاتری ہمارے مہمان ہیں اور ان کی مکمل دیکھ بھال قومی فرض ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے 8 اپریل تک اپنے انتظامی پلان اور عملے کی تفصیلات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے دفتر میں جمع کروائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کیے جائیں، ٹریفک پولیس ٹریفک کے بہاؤ کو مؤثر انداز میں برقرار رکھے، جبکہ محکمہ صحت گوردواروں میں خصوصی طبی عملہ تعینات کرے گا۔
اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ محکمہ فوڈ اتھارٹی لنگر کی مکمل جانچ کے بعد ہی تقسیم کی اجازت دے گا، تاکہ معیار اور حفظانِ صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی پی او ارسلان زاہد نے کہا کہ تمام سکیورٹی ادارے ہائی الرٹ رہیں گے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سکھ یاتری پاکستان کے مثبت اور خوشگوار تجربات لے کر واپس جائیں گے، جو ملک کے لیے سفارتی اور سماجی طور پر مثبت تاثر کا باعث بنے گا۔