کراچی (کیو این این ورلڈ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب سے ڈی پورٹ کی گئی خاتون گلشن بی بی کو حراست میں لے لیا۔ بہاولپور سے تعلق رکھنے والی یہ خاتون مبینہ طور پر سعودی عرب میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث تھی، جہاں مقامی حکام نے اسے گرفتار کر کے سزا سنانے کے بعد پاکستان ڈی پورٹ کر دیا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران خاتون کے مشکوک رویے نے حکام کو چوکنا کر دیا، جس کے بعد تفصیلی تفتیش میں کئی ہوشربا انکشافات سامنے آئے۔
دورانِ تفتیش ملزمہ نے اعتراف کیا کہ وہ فیصل آباد کے رہائشی ایجنٹ طیب علی کی معاونت سے بیرونِ ملک روانہ ہوئی تھی اور سعودی عرب پہنچتے ہی اسے ایک منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون اس نیٹ ورک کے ذریعے غیر قانونی اور غیر اخلاقی دھندے کا حصہ بنی، جس پر سعودی پولیس نے اسے کارروائی کے بعد ملک بدر کیا۔ ایف آئی اے نے خاتون کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے تحویل میں لے لیا ہے اور اس کے بیان کی روشنی میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ اور دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔