احمد پور شرقیہ (کیو این این ورلڈ) گورنمنٹ صادق عباس گریجوایٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب میں "مہم آگاہی ٹریفک قوانین” کے عنوان سے ایک خصوصی سیمنار کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ کو سڑک پر تحفظ اور نظم و ضبط کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ٹریفک پولیس آفیسر احمد خان تھے، جنہوں نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پاسداری، ڈرائیونگ لائسنس کے حصول اور ہیلمٹ کے باقاعدہ استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے بیشتر حادثات قوانین کی خلاف ورزی اور لاپرواہی کا نتیجہ ہوتے ہیں، لہٰذا یہ ہماری اخلاقی اور سرکاری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو ان قوانین کے بارے میں شعور فراہم کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔
سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کنٹرولر امتحانات و انچارج سکیورٹی آفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے کہا کہ جو قومیں نظم و ضبط کو اپناتی ہیں اور ملکی قوانین کا احترام کرتی ہیں، وہی عالمی سطح پر معاشی طور پر خوشحال اور ترقی یافتہ بن کر ابھرتی ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر شہزاد خان، رانا اسد علی، محمد جمیل، محمد عدنان، سید محسن گیلانی، حسن رضا، محمد حمید میتلا، ملک عمران، عائشہ ظفر، کائنات قادر، محمد صابر اور محمد ارسلان سمیت ٹریفک سارجنٹ وحید چڈھر اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی خود بھی پابندی کریں گے اور معاشرے کے دیگر افراد تک بھی یہ پیغام پہنچائیں گے۔