جامشورو (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری):ضلع جامشورو میں منشیات فروش عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران کوٹری پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے حیدرآباد منشیات منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور بڑی مقدار میں مضر صحت چورا برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو کے احکامات اور ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں کوٹری پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے ناکہ بندی کی۔
انسپیکٹر غلام اصغر تنیو کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ایک مشکوک کار کو روک کر تلاشی لی تو گاڑی سے مضر صحت منشیات میں استعمال ہونے والے چورا کے 20 بیگ برآمد ہوئے جن کا مجموعی وزن تقریباً 240 کلو گرام بتایا گیا ہے۔
پولیس نے موقع پر موجود ملزم شبیر پنھور کو گرفتار کر لیا جبکہ منشیات اور استعمال ہونے والی گاڑی کو قبضے میں لے کر متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کراچی سے منشیات لا کر حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں سپلائی کرنے میں ملوث تھا۔
ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا نے کامیاب کارروائی پر کوٹری پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میں منشیات فروش عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔