ماسکو (کیو این این ورلڈ) روسی وزارتِ خارجہ نے ایران کے شہر اصفہان پر ہونے والے حالیہ امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اپنے قونصل خانے کی عمارت کو نقصان پہنچنے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ روسی ترجمان ماریا زاخارووا کے مطابق، حملوں کی زد میں آنے سے قونصل خانے کے دفاتر اور رہائشی اپارٹمنٹس کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔

روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے بتایا کہ یہ واقعہ رواں ہفتے کے آغاز میں اصفہان کے گورنر دفتر کے قریب ہونے والے دھماکوں کے دوران پیش آیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ عمارت کو مادی نقصان پہنچا ہے، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام سفارتی عملہ محفوظ ہے۔

ماریا زاخارووا نے کسی بھی ملک کے سفارتی مشن پر حملے کو بین الاقوامی معاہدوں کی سنگین اور صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارتی تنصیبات کو جنگی تنازعات سے دور رکھنا عالمی قوانین کا بنیادی تقاضا ہے اور تمام فریقین کو سفارتی مشنز کی حرمت اور حیثیت کا ہر صورت احترام کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں غیر ملکی سفارتی مشنز کی سکیورٹی کے حوالے سے شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ روس نے اس واقعے پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے عالمی برادری سے سفارتی تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے