راولپنڈی (کیو این این ورلڈ):پاک فوج کی اعلیٰ عسکری قیادت نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ عیدالفطر اتحاد، ہمدردی اور شکرگزاری جیسی دیرپا اقدار کی علامت ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق سروسز چیفس نے کہا کہ پاک فوج کے لیے عید کی حقیقی روح ملک کی خدمت اور دفاع میں مضمر ہے، چاہے اس مقصد کے لیے اہلِخانہ سے دوری ہی کیوں نہ اختیار کرنی پڑے تاکہ قوم کے لیے امن اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
پیغام میں کہا گیا کہ عید پاکستان اور امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور برکتوں کا پیغام بنے۔ عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج ہر حال میں وطن کے دفاع اور خدمت کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان کے جوان عید کے موقع پر بھی اپنے اہلِ خانہ سے دور ملک کی حفاظت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ سروسز چیفس نے قوم کے بہادر مرد و خواتین کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور شہدا و غازیوں کے اہل خانہ کی ثابت قدمی کو سراہا۔