اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے مارچ کے مہینے میں خام تیل کے 4 بڑے بحری جہازوں کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان جہازوں کی آمد سے ملک میں ایندھن کی ضرورت کو پورا کرنے اور ذخائر کو مستحکم بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔

تیل کی اس درآمد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک جہاز کی فراہمی کی یقین دہانی برادر ملک سعودی عرب نے کرائی ہے، جبکہ دوسرا جہاز متحدہ عرب امارات سے فجیرہ کے راستے پاکستان پہنچے گا۔ سعودی عرب اور امارات سے آنے والے یہ دونوں جہاز 70 ہزار ٹن کروڈ آئل پر مشتمل ہوں گے، جو پاک عرب ریفائنری (پارکو) کے لیے منگوائے جا رہے ہیں۔

علاوہ ازیں، خام تیل کے مزید دو جہاز امریکہ سے بھی پاکستان پہنچیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ سے آنے والے ان دونوں جہازوں کا انتظام نجی ریفائنری سینر جیکو (Cinergyco) نے کیا ہے، تاکہ اپنی پیداواری ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق دوست ممالک اور بین الاقوامی مارکیٹ سے خام تیل کی بروقت ترسیل کے اس شیڈول سے مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں استحکام آئے گا۔ ان جہازوں کی آمد مارچ کے دوران مختلف تواریخ میں متوقع ہے جس کے لیے تمام تر انتظامی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے