مسقط ( کیو این این ورلڈ) عمان کی اہم سلالہ پورٹ پر ایک مبینہ ایرانی ڈرون یا میزائل حملے کے نتیجے میں تیل کے بڑے ذخیرے میں شدید آگ بھڑک اٹھی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق، حملے سے پورٹ کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور بڑے پیمانے پر آگ لگی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔
دوسری جانب، ایران نے عمان کی تیل تنصیبات پر اس حملے میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ ایرانی حکام نے کہا ہے کہ عمان میں تیل کی تنصیب پر حملہ علاقائی تناؤ بڑھانے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے، اور اس طرح کے اشتعال انگیز اقدامات بعض اوقات امریکہ اور اسرائیل کی طرف سے کیے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس مبینہ حملے سے قبل منگل کے روز بھی آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں تین بین الاقوامی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان میں تھائی لینڈ، جاپان، اور مارشل آئی لینڈ کے پرچم بردار جہاز شامل تھے۔ ایران کی سپاہ پاسدارانِ انقلاب نے صرف تھائی لینڈ کے پرچم بردار جہاز پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، جبکہ دیگر واقعات سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔
اس تازہ ترین واقعے کے بعد خطے میں بحری سلامتی اور توانائی کی سپلائی لائنز کو لاحق خطرات مزید بڑھ گئے ہیں، اور عالمی برادری کی جانب سے کشیدگی میں کمی لانے پر زور دیا جا رہا ہے۔