ریاض (کیو این این ورلڈ) ایران نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم امریکی سفارت خانے کے اندر سی آئی اے (CIA) کے اسٹیشن کو مشتبہ ڈرون حملے سے نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں عمارت کی چھت کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس حملے میں سی آئی اے کے ایجنٹ یا دیگر اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں یا نہیں، تاہم حملے نے سفارتی حلقوں میں شدید ہلچل پیدا کر دی ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سی آئی اے نے ہی مبینہ طور پر حملے کے لیے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی رہائش گاہ کا تعین کیا تھا، جس کے جواب میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی خفیہ ایجنسی ایران میں حکومت کے خلاف کرد جنگجوؤں سمیت دیگر مسلح گروہوں کو بغاوت کے لیے تیار کرنے اور انہیں اسلحہ فراہم کرنے پر کام کر رہی تھی۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں بھی امریکی قونصل خانے پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے بعد عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی تاہم ہنگامی ٹیموں نے بروقت آگ پر قابو پا لیا۔
دبئی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قونصل خانے پر ہونے والے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور صورتحال اب مکمل طور پر قابو میں ہے، جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔