واشنگٹن(کیو این این ورلڈ) امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان نے نظام زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، جس کے باعث نیویارک، نیوجرسی، ڈیلاویئر، رہوڈ آئی لینڈ، کنیٹی کٹ اور میساچوسٹس سمیت 6 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق طوفان کی شدت کے پیشِ نظر 5 کروڑ 40 لاکھ افراد کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ برفباری اور خراب موسم کی وجہ سے اب تک امریکا بھر میں 11 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور متعدد تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔
فیڈرل ایوی ایشن نے صورتحال کے پیشِ نظر نیویارک کے ایئرپورٹس پر گراؤنڈ اسٹاپ کی وارننگ جاری کر دی ہے، جبکہ نیویارک سٹی میں رات 9 سے دوپہر 12 بجے تک غیر ضروری سفر پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ میئر ظہران ممدانی نے شہر میں اسکول بند رکھنے کا حکم دے دیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نیویارک سٹی میں 18 سے 24 انچ اور بعض علاقوں میں 28 انچ تک برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شمال مشرقی امریکا میں پیر کی صبح تک شدید برفباری اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کی وجہ سے مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور تازہ ترین موسمی صورتحال پر نظر رکھنے کی سخت ہدایت کی ہے۔ اس شدید ترین موسمی لہر نے ٹرانسپورٹ اور بجلی کے نظام کو بھی شدید متاثر کیا ہے، جس کی بحالی کے لیے امدادی ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں۔