گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/محمدرمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں ہونے والے 5 مبینہ پولیس مقابلوں کے نتیجے میں ایک خطرناک سیریل کلر ہلاک ہو گیا ہے جبکہ 4 ریکارڈ یافتہ ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائیاں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے کی گئیں۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم ایک سفاک سیریل کلر تھا جو ایک خاتون اور 3 بچوں کے قتل میں ملوث تھا۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوا۔ یہ ملزم ایک ماں، دو کمسن بچوں اور ایک 12 سالہ لڑکے کو اغواء کے بعد بے دردی سے قتل کرنے سمیت مجموعی طور پر 4 قتل کے مقدمات میں مطلوب تھا۔

ضلع کے دیگر علاقوں میں ہونے والے 4 مختلف مقابلوں کے حوالے سے پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 ریکارڈ یافتہ ملزمان کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے