نوشہرو فیروز (کیو این این ورلڈ/ساجد مغل کی رپورٹ) نوشہرو فیروز کے علاقے نیو ٹاؤن وارڈ نمبر 15 میں گھر کے سامنے مبینہ طور پر غیر قانونی سیڑھیاں تعمیر کر کے راستہ بند کرنے کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا۔

احتجاج کی قیادت قاری حفیظ کمبوہ، حافظ ساجد، عبدالمجید، عبدالماجد اور بلال کمبوہ کر رہے تھے۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ ان کے پڑوسیوں نے مکان کی تعمیر کے دوران سرکاری سڑک پر غیر قانونی طور پر سیڑھیاں بنا لی ہیں، جس کے باعث ان کے گھر کا واحد راستہ مکمل طور پر بند ہو چکا ہے۔

مکینوں کا کہنا تھا کہ وہ 1993 سے اس علاقے میں آباد ہیں اور ان کے گھر آنے جانے کا یہی واحد راستہ ہے۔ سیڑھیوں کی تعمیر کے بعد نہ صرف عام آمدورفت متاثر ہوئی ہے بلکہ ان کے معذور بچوں کو وہیل چیئر پر گھر سے باہر لے جانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تو بمشکل موٹر سائیکل بھی گزر سکتی ہے۔

مظاہرین کے مطابق اس معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر، ٹاؤن چیئرمین اور ٹاؤن آفس کو متعدد درخواستیں دی گئیں، جبکہ پولیس کو بھی آگاہ کیا گیا، مگر شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے کارروائی کرنے کے بجائے انہیں ہی حراست میں لے لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر مخالف فریق کا ایک بیٹا بااثر سرکاری افسر ہے، جس کی وجہ سے ان کی داد رسی نہیں ہو رہی۔

احتجاج کرنے والوں نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نوشہرو فیروز سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر غیر قانونی تعمیرات مسمار کرائی جائیں اور ان کے گھر جانے کا راستہ فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ وہ معمول کی زندگی گزار سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے