ڈیرہ غازی خان: (کیو این این ورلڈ) بلوچستان کی کشیدہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پنجاب اور بلوچستان کے درمیان واقع سرحدی راستوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث ڈی جی خان کے ذریعے بلوچستان جانے والی آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ حالات کے باعث بلوچستان جانے والی تمام ٹریفک کو روک دیا گیا ہے اور تاحکمِ ثانی کسی بھی مسافر یا گاڑی کو پنجاب سے بلوچستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق بین الصوبائی سرحدی مقامات بواٹہ۔رکنی اور تونسہ۔موسیٰ خیل روڈ پر ہر طرح کی ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔ ان راستوں پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کوئٹہ، گوادر، پنجگور سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے متعدد حملوں کی کوششیں کی گئیں، جنہیں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ ان کارروائیوں کے دوران 3 خودکش بمباروں سمیت مجموعی طور پر 133 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد حملوں کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور معاونین کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور سکیورٹی صورتحال بہتر ہوتے ہی راستوں کی بحالی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔