علی پور: مثالی آکسفورڈ پبلک ہائی سکول میں طالبہ سے مبینہ زیادتی، پرنسپل اور 3 دیگر کے خلاف مقدمہ درج،متاثرہ طالبہ تین ماہ کی حاملہ، پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے
مظفرگڑھ: تحصیل علی پور کے نجی تعلیمی ادارے، مثالی آکسفورڈ پبلک ہائی اسکول، پلی خان نالہ میں دسویں جماعت کی ایک طالبہ نے پرنسپل، مالک اور دیگر دو افراد کے خلاف مبینہ طور پر زیادتی کے الزامات لگاتے ہوئے درخواست دی۔ تھانہ صدر علی پور نے طالبہ کی درخواست پر مقدمہ نمبر 1173/25 درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ نے الزام لگایا کہ تقریباً تین ماہ قبل سکول کے پرنسپل طاہر شریف نے اسے بہلا پھسلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں اسکول کے مالک محمد راشد شریف نے بھی اسے شادی کا جھانسہ دے کر مسلسل زیادتی کی اور آخری بار تقریباً 10 سے 12 دن قبل زبردستی تعلق قائم کیا۔ متاثرہ طالبہ نے بتایا کہ وہ اب تین ماہ کی حاملہ ہے۔
طالبہ نے اپنی والدہ اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ تھانہ صدر علی پور میں تحریری درخواست جمع کروائی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے متاثرہ کو طبی معائنے کے لیے THQ اسپتال علی پور منتقل کیا جبکہ کرائم سین یونٹ مظفرگڑھ اور PFSA ڈیرہ غازی خان کو بھی اطلاع دی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ تمام نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور قانونی کارروائی جلد مکمل کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ متاثرہ طالبہ کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔
یہ واقعہ تعلیم کے اداروں میں بچوں کی حفاظت کے حوالے سے تشویش کا باعث ہے اور متعلقہ حکام نے والدین اور اسکولوں سے کہا ہے کہ وہ بچوں کی حفاظت کے لیے اقدامات یقینی بنائیں۔
