لاہور (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج معالجے کے معاملے پر اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اس حساس مسئلے پر بھرپور سیاست کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے براہِ راست الزام عائد کیا کہ عمران خان کے علاج میں تاخیر کی اصل ذمہ دار علیمہ خان ہیں، کیونکہ پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت تو حکومتی تجاویز پر آن بورڈ ہوتی تھی لیکن علیمہ خان اس خدشے کے تحت معاملے کو ویٹو کر دیتی تھیں کہ اگر بات مان لی گئی تو سیاسی ایشو ختم ہو جائے گا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے علاج کے حوالے سے من گھڑت پروپیگنڈا کیا گیا، حالانکہ حکومت نے بہترین سرکاری اور نجی ڈاکٹروں کا انتخاب کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی قیادت سے مسلسل رابطہ رہا اور انہیں پیشکش کی گئی کہ وہ اپنی پسند کے آئی اسپیشلسٹ کا نام دے دیں، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے انہیں ایک ہفتے کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا جو کہ قانونی طور پر ممکن نہیں تھا جب تک ڈاکٹرز اس کی سفارش نہ کریں۔

محسن نقوی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر کو ڈاکٹروں کی موجودگی کا جائزہ لینے کی دعوت دی گئی لیکن انہوں نے پارٹی مشاورت کے بعد آنے سے معذرت کر لی۔ بعد ازاں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور سینیٹ نے پمز ہسپتال میں ڈاکٹروں سے ڈیڑھ گھنٹہ ملاقات کی اور پی ٹی آئی کے اپنے ڈاکٹروں نے بریفنگ لینے کے بعد اعتراف کیا کہ عمران خان کا بہترین علاج ہو رہا ہے اور وہ بھی یہی طریقہ کار اختیار کرتے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ محمود خان کے خط لکھنے سے پہلے ہی حکومت پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ رابطے میں تھی اور ایاز صادق اس سلسلے میں پل کا کردار ادا کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان چاہتی تھیں کہ اس معاملے کو سیاسی طور پر کیش کیا جائے، اسی لیے ان کی مداخلت کے باعث بروقت میڈیکل چیک اپ میں رکاوٹیں آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو ضرورت کے تحت ہسپتال لے جا کر آنکھ میں انجیکشن بھی لگوایا گیا کیونکہ قیدی کو علاج فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے۔

ریڈ زون کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں جان بوجھ کر خرابی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی جسے خوش اسلوبی سے سنبھال لیا گیا۔ انہوں نے عدالت کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بند سڑکوں کو بحال کیا جائے گا اور عدالتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا کیونکہ عوام کو گمراہ کرنے اور تماشا لگانے کی سیاست ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے