بھارت: (کیو این این ورلڈ) بھارت میں ایک اور افسوسناک فضائی حادثہ پیش آیا ہے، صوبہ جھارکھنڈ کے ضلع چترا ضلع میں ایئر ایمبولینس طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ حادثہ پیر کی شام 23 فروری 2026 کو اس وقت پیش آیا جب رانچی سے نئی دہلی جانے والا ایک میڈیکل ایئر ایمبولینس طیارہ سماریا کے قریب گھنے جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارہ Redbird Airways Pvt Ltd کا Beechcraft C90 (رجسٹریشن VT-AJV) تھا جو ایک شدید زخمی مریض کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے دہلی منتقل کر رہا تھا۔
طیارہ رانچی کے برسا منڈا ایئرپورٹ سے شام 7 بج کر 11 منٹ پر روانہ ہوا۔ دورانِ پرواز عملے نے کولکتہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور خراب موسم، تیز بارش اور تھنڈر اسٹارم کے باعث روٹ تبدیل کرنے کی درخواست کی۔ اطلاعات کے مطابق شام تقریباً 7 بج کر 34 منٹ پر طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ اور ریڈار کنٹیکٹ اچانک منقطع ہو گیا، جس کے بعد حکام نے تلاش اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ بعد ازاں طیارے کا ملبہ چترا ضلع کے سماریا بلاک کے جنگلاتی علاقے میں ملا، جہاں گھنے درختوں اور خراب موسم کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ضلعی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں سوار تمام سات افراد جاں بحق ہو گئے اور لاشیں موقع سے برآمد کر لی گئی ہیں۔ جاں بحق افراد میں 41 سالہ مریض سنجے کمار شامل تھے جو 63 فیصد جھلسنے کے باعث لاٹہار کے علاقے چندوا سے دہلی منتقل کیے جا رہے تھے۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر وکش کمار گپتا، پیرامیڈک سچن کمار مشرا، مریض کے دو اہلِ خانہ ارچنا دیوی اور دھورو کمار، جبکہ پائلٹس ویویک وکاس بھگت اور سورج دیپ سنگھ بھی حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔
چترا کی ڈپٹی کمشنر Keerthishree G نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ واقعے کے بعد ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) نے ابتدائی بیان جاری کرتے ہوئے حادثے کا نوٹس لے لیا ہے جبکہ ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (AAIB) کی ٹیم کو تحقیقات کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خراب موسمی حالات، خصوصاً تھنڈر اسٹارم، حادثے کی ممکنہ وجہ ہو سکتے ہیں تاہم حتمی وجوہات کا تعین تفصیلی تحقیقات کے بعد ہی کیا جائے گا۔ واقعے پر مختلف حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی جا رہی ہے۔