ڈھاکہ (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے وزیراعظم شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے بنگلادیش کے نو منتخب وزیراعظم طارق رحمان سے ڈھاکہ میں ملاقات کی ہے۔ وفاقی وزیر نے بنگلادیشی وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کے سرکاری دورے کی باضابطہ دعوت پہنچائی۔ احسن اقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان باہمی احترام، مشترکہ تاریخ اور معاشی مفادات کی بنیاد پر بنگلادیش کے ساتھ مستقبل بین شراکت داری کا خواہاں ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت، بحری روابط کے فروغ اور سپلائی چین کے انضمام پر خصوصی زور دیا۔ احسن اقبال نے بنگلادیش-پاکستان نالج کاریڈور کے آغاز سے آگاہ کیا، جس کے تحت اعلیٰ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین جلد ڈھاکہ کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر شاعرِ مشرق علامہ اقبال کی 150 ویں سالگرہ مشترکہ طور پر منانے اور ڈھاکہ میں اقبال اکیڈمی کو دوبارہ فعال بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی جسے سراہا گیا۔

وزیراعظم طارق رحمان نے پاکستان کی خیر سگالی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعمری تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے سابقہ دورہ پاکستان کے دوران نواز شریف سے ہونے والی ملاقاتوں کو خوشگوار یاد قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ جنوبی ایشیا کو جیو پولیٹکس کے بجائے جیو اکنامکس کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہیے تاکہ خطے کے ایک چوتھائی انسانوں کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھل سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے