احمد پور شرقیہ (کیو این این ورلڈ) ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ساؤتھ پنجاب، محمد اختر منڈھیرا نے تحصیل احمد پور شرقیہ کے مختلف بوائز و گرلز کالجز کا سرکاری دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گورنمنٹ صادق عباس گریجوایٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب سمیت دیگر تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا، جہاں کالج پرنسپلز اور اساتذہ کرام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے کالجز کی عمارتوں کے مسائل دریافت کیے اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اختر منڈھیرا نے کہا کہ نئی نسل کو قلم اور کتاب سے دوستی کرنی چاہیے کیونکہ تعلیم ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے نوجوان مقابلے کے امتحانات پاس کر کے ملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کی محنت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ علاقے کا ٹیلنٹ جلد ابھر کر سامنے آئے گا۔ انہوں نے تعلیم کو بہترین قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے اس کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایماندار ایڈمنسٹریٹر ملک و قوم کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہوتے۔ تقریب کے دوران پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل اور ڈاکٹر الطاف جلالوی نے مہمانِ خصوصی کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ دورے کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سیف اللہ جامعی، پروفیسر شاہد سراج انصاری، پروفیسر کاشف بھٹہ، پروفیسر محمد فیصل اور راشد رسول بلوچ سمیت دیگر عملہ بھی موجود تھا۔
