کمالیہ (کیو این این ورلڈ) بستی پیراں میں مبینہ طور پر شادی سے انکار پر ایک نوجوان لڑکی کو چاقو کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ مقتولہ کے والد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ایک پڑوسی نے بیٹی کا رشتہ مانگا تھا، تاہم انکار کرنے پر ملزم نے رنجش پال لی اور ہفتے کی صبح لڑکی کو اغوا کر لیا۔ مقتولہ کے والد کے مطابق ملزم نے بیٹی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کھیتوں میں پھینک دی اور فرار ہو گیا۔
پولیس نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ سے لاش قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی ہے، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی جائے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور جلد ہی اسے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔