گھوٹکی: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) تحصیل میرپور ماتھیلو کے تھانہ جروار پولیس نے صحافی پر ہونے والے قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او جروار اعجاز احمد جسکانی کی نگرانی میں ہیڈ محرر غلام علی گبول نے درج کیا۔ مقدمہ صحافی مشتاق علی لغاری اور اس کے کزن گلشیر لغاری پر ہونے والے حملے کے واقعے پر قائم کیا گیا۔
ایف آئی آر میں چھ نامزد ملزمان یوسف ولد امیر بخش، امیر بخش ولد یوسف، محمد نواز ولد علی محمد، خالد ولد امیر بخش، خان عرف پیر بخش ولد امیر بخش اور مرید ولد حبیب کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ دو نامعلوم افراد کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب صحافی برادری نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے متاثرہ صحافی کو تحفظ فراہم کیا جائے اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
