ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت صفائی ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو حکومتِ پنجاب کی مزدور دوست پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس سلسلے میں ڈیرہ غازی خان میں صفائی ورکرز میں راشن کارڈز کی تقسیم کا عمل کامیابی سے جاری ہے، جس کا مقصد معاشرے کے اس اہم طبقے کو معاشی تحفظ اور ریلیف فراہم کرنا ہے۔ حکومتِ پنجاب نے ماہِ رمضان المبارک کے موقع پر صفائی ورکرز کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز کو 10 ہزار روپے مالیت کا راشن فراہم کیا جائے گا، جبکہ رمضان کے بعد ہر صفائی ورکر کو ماہانہ 3 ہزار روپے اضافی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 13 فروری کو ڈویژنل کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی اور ایچ آر منیجر یعقوب خان نے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے صفائی ورکرز میں راشن کارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ صفائی ورکرز کی عزت، معاشی تحفظ اور فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہی وہ ہاتھ ہیں جو ہمارے شہروں کو صاف ستھرا رکھتے ہیں۔ ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام نے نہ صرف صوبے میں صفائی کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر بہتر بنایا ہے بلکہ اس سے محنت کش طبقے کے معیارِ زندگی میں بھی نمایاں بہتری آ رہی ہے۔ راشن کارڈز کی وصولی کے موقع پر ورکرز نے حکومتِ پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے اپنے طبقے کے لیے حقیقی خوشخبری قرار دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں واضح کیا ہے کہ ’’صفائی کرنے والے ہاتھ اب خالی نہیں رہیں گے‘‘ اور حکومت ان کی انتھک محنت کا عملی اعتراف جاری رکھے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی ورکرز کو معاشرے کا معتبر حصہ بنانا اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا وزیر اعلیٰ کے مشن کا حصہ ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف ورکرز کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے بلکہ شہر کی صفائی کی صورتحال میں بھی مثبت تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ حکومت پنجاب کے اس فلاحی منصوبے کو عوامی حلقوں میں بھی پذیرائی مل رہی ہے اور اسے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے