ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیرِ اہتمام ننکانہ صاحب میں ایک بڑی "یکجہتی کشمیر کانفرنس” منعقد ہوئی جس سے مرکزی نائب صدر پروفیسر حافظ محمد طلحہٰ سعید نے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس میں ضلعی صدر میاں محمد عابد، جنرل سیکرٹری ثاقب مجید سمیت کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروفیسر حافظ طلحہٰ سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کشمیر کے بعد اب بلوچستان پر بھی حملہ آور ہے، لیکن اس کے تمام ناپاک منصوبے ناکام ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امتِ مسلمہ، پاکستان اور کشمیر کے دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے اور کلمہ طیبہ کے نام پر بننے والے اس ملک کے خلاف دشمن کی تمام سازشیں خاک میں مل جائیں گی۔
انہوں نے ملکی سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ خدمت، عبادت اور برداشت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چور دروازے سے بننے والی حکومتیں عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہتی ہیں، جبکہ ان کی جماعت جمہوری اور پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک میں اللہ کا نظام نافذ کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
حافظ طلحہٰ سعید نے سیاست میں بڑھتی ہوئی الزام تراشی اور عدم برداشت کو افسوسناک قرار دیا اور معیشت کی بہتری کے لیے ایمانداری سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی جماعت ملک کی واحد جماعت ہے جو یونین کونسل کی سطح تک انٹرا پارٹی انتخابات کروا رہی ہے تاکہ نچلی سطح پر بلا تفریق رنگ و نسل عوامی خدمت کو یقینی بنایا جا سکے۔
کانفرنس کے دوران ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے نومنتخب عہدیداروں سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ پروگرام کے آخر میں پروفیسر حافظ طلحہٰ سعید نے مدرسہ معاذ بن جبل سے حفظِ قرآن مکمل کرنے والے نو حفاظ کرام میں اسناد تقسیم کیں اور گونگے بہرے بچوں سے بھی ملاقات کر کے انہیں دینی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی نصیحت کی۔