مظفرآباد:(کیو این این ورلڈ) وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے عوامی ایکشن کمیٹی کو حکومت میں شامل ہونے کی باضابطہ پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست انہیں مکمل ‘آنر شپ’ دینے اور ساتھ لے کر چلنے کو تیار ہے، لہٰذا اب احتجاج کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔ جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور معاہدے پر عملدرآمد میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کی گئی؛ کئی مطالبات پر نوٹیفکیشن جاری ہو چکے ہیں جبکہ بقیہ پر کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی موجودہ جذباتی کیفیت ان کے لیے حیران کن ہے، کیونکہ ریاست کو آگے لے جانے کے لیے مل بیٹھ کر بات کرنا ضروری ہے اور احتجاج کے نتیجے میں جب بھی ٹکراؤ ہوا تو نقصان ریاست کا ہی ہوا ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے مزید کہا کہ ریاست کے پاس احتجاج روکنے کا پورا اختیار موجود ہے لیکن وہ معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت بھی اس وقت ایک ایک چیز کا نوٹس لے رہی ہے اور معاہدے کے تحت قائمہ کمیٹیوں جیسے معاملات اسمبلی کی صوابدید ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نے بروقت انتخابات کروانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جلد ہی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری بھی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کا موجودہ ماحول ہے، انہیں نہیں لگتا کہ عوام اب سڑکوں پر آنا پسند کریں گے، اس لیے بہتر یہی ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندے حکومت کا حصہ بن کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے