راولپنڈی(کیو این این ورلڈ):راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں پولیس اور سنگین جرائم میں ملوث بین الاضلاعی ڈکیت و اجرتی قاتل گینگ کے درمیان ہونے والے ایک خونریز مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ ان کے 2 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق، صدر بیرونی پولیس کو کار سنیچنگ کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر ناکہ بندی کے دوران مشکوک گاڑیوں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم گاڑی میں سوار خطرناک ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 4 ملزمان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جن کے قبضے سے کچھ دیر قبل شہری سے گن پوائنٹ پر چھینی گئی گاڑی اور جدید اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کے زیرِ استعمال دوسری گاڑی بھی اسلام آباد سے گن پوائنٹ پر چھینی گئی تھی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو اور اجرتی قاتل راولپنڈی، پشاور اور اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں قتل، ڈکیتی اور کار سنیچنگ کے درجنوں مقدمات میں نہ صرف ریکارڈ یافتہ تھے بلکہ قانون کو مطلوب بھی تھے۔ اسی گینگ نے حال ہی میں صدر بیرونی کے علاقے میں اپنی فیملی کے ہمراہ سفر کرنے والے ایک تاجر کو دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر بے دردی سے قتل کیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے پولیس ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے اور امن و امان کو سبوتاژ کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت نہیں بچ سکیں گے۔