افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی تنقید، طالبان کے احتساب کا مطالبہ

ٹورنٹو (ویب ڈیسک) افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال اور افغان طالبان کی پالیسیوں پر عالمی سطح پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کینیڈا اور کئی یورپی ممالک نے طالبان کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے احتساب اور افغان عوام، بالخصوص خواتین کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کینیڈا کے مطابق طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے پانچ سال بعد بھی افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ تنظیم نے سرِعام سزاؤں، خواتین اور لڑکیوں پر عائد پابندیوں اور شہریوں کی جبری گمشدگیوں کو افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کے نمایاں مسائل قرار دیا ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ افغانستان میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کو خاموش نہیں رہنا چاہیے بلکہ ذمہ داروں کو جواب دہ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کینیڈا نے افغان طالبان کو عالمی سطح پر احتساب کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب جرمنی نے بھی طالبان کے حوالے سے اپنے مؤقف کو واضح کرتے ہوئے انہیں افغانستان کی جائز سیاسی اتھارٹی تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔ برلن فارن پالیسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے جرمن وزیر خارجہ یوہان ویڈفُل نے کہا کہ جرمنی طالبان کو افغانستان کی جائز سیاسی اتھارٹی تسلیم نہیں کرتا۔

جرمن وزیر خارجہ کے مطابق طالبان کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جبکہ جرمنی کے موجودہ رابطے ہمسایہ ممالک کے ذریعے صرف قونصلر امور تک محدود ہیں۔

فرانس نے بھی طالبان کی پالیسیوں، خصوصاً خواتین کے بنیادی حقوق پر پابندیوں کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے خواتین کے خلاف طالبان کے اقدامات کو صنفی امتیاز قرار دیتے ہوئے طالبان حکومت کو تسلیم نہ کرنے کے مؤقف کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فرانس کے طالبان کے ساتھ تکنیکی نوعیت کے روابط کو حکومت کی باضابطہ شناخت نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ فرانس کے مطابق ایسے رابطوں کا مقصد مخصوص عملی امور تک محدود ہے اور ان سے طالبان حکومت کو سیاسی طور پر تسلیم کرنے کا تاثر نہیں لیا جانا چاہیے۔

اس سے قبل اسپین کے وزیر خارجہ بھی واضح کر چکے ہیں کہ ان کا ملک افغان خواتین کے بنیادی حقوق سلب کرنے والی طالبان حکومت کو نہ تو تسلیم کرتا ہے اور نہ ہی اسے تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ رکھتا ہے۔

افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں پر عائد پابندیوں، سرِعام سزاؤں اور دیگر انسانی حقوق کے مسائل پر عالمی سطح پر تشویش بڑھ رہی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور اہم یورپی ممالک کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ طالبان کی پالیسیوں کے حوالے سے عالمی دباؤ برقرار ہے۔

عالمی برادری کی جانب سے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے معاملے کو انسانی حقوق، خواتین کے بنیادی حقوق اور جواب دہی سے مشروط کرنے کا مؤقف سامنے آ رہا ہے، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں افغانستان میں خلاف ورزیوں کے خاتمے اور متاثرہ شہریوں کو انصاف فراہم کرنے پر زور دے رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے