اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ہر عالمی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج سری نگر میں داخل ہوئی تھی اور تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر حل طلب ہے۔ ان کے مطابق کشمیری عوام اب بھی اپنے حقِ خودارادیت سے محروم ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حل کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد انصاف، امن اور حقِ خودارادیت کے لیے ہے۔ انہوں نے 5 اگست 2019 کے اقدامات کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر عالمی توجہ میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں ہونے والی پیش رفت اور کشمیری عوام کو درپیش مسائل پر مسلسل توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار نے مقبوضہ کشمیر میں سیاسی رہنماؤں کی حراست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی برادری کی مسلسل توجہ کو ضروری قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی امنگوں کو طاقت اور جبر کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے مؤثر عالمی کوششیں ناگزیر ہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور عالمی سطح پر ان کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔