لنڈی کوتل( کیو این این ورلڈ/بیورورپورٹ) ضلع خیبر کے ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں کی صلاحیتیں رنگ لے آئیں، جمرود جمنازیم کے لیے اعلیٰ معیار کے ٹیبل ٹینس ٹیبلز منظور کرلیے گئے ہیں، جو جلد جمنازیم میں نصب کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ضلعی اور قومی سطح پر ٹیبل ٹینس کے مقابلوں کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز ڈسٹرکٹ خیبر ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر نصیب شاہ شینواری نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خیبر فیصل جاوید سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ضلع خیبر میں ٹیبل ٹینس کے فروغ، کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور جمرود جمنازیم میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خیبر فیصل جاوید نے یقین دہانی کرائی کہ جمرود جمنازیم کے لیے اعلیٰ معیار کے ٹیبل ٹینس ٹیبلز منظور کیے جاچکے ہیں اور انہیں جلد جمنازیم میں نصب کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنا محکمہ کھیل کی ترجیحات میں شامل ہے۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ بہت جلد ضلع خیبر میں ٹیبل ٹینس کے ضلعی اور قومی سطح کے ایونٹس منعقد کیے جائیں گے، تاکہ قبائلی اضلاع کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جاسکیں اور وہ ملکی سطح پر اپنی شناخت بنا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا وژن ہے کہ صوبے کے کھلاڑیوں کو بہترین اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ نوجوان کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھ سکیں اور ضلع خیبر کے کھلاڑی بھی صوبائی اور قومی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
ڈسٹرکٹ خیبر ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر نصیب شاہ شینواری نے اعلیٰ معیار کے ٹیبل ٹینس ٹیبلز کی منظوری پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فیصل جاوید کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمرود جمنازیم میں معیاری ٹیبلز کی تنصیب سے ضلع خیبر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور انہیں پریکٹس اور مقابلوں کے لیے بہتر ماحول میسر آئے گا۔
نصیب شاہ شینواری نے امید ظاہر کی کہ جمرود جمنازیم میں کھیلوں کی سہولیات میں مزید اضافہ کیا جائے گا، جس سے ضلع خیبر کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔