گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی)ڈیرہ سار والا، یونین کونسل گوندلا نوالہ میں صفائی کی ابتر صورتحال کے خلاف اہل علاقہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سیاسی و سماجی شخصیت محمد ارشد سرویا کا کہنا ہے کہ علاقے میں طویل عرصے سے صفائی نہ ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی شہریوں کے مطابق کئی ماہ سے گلیوں اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ چکے ہیں، جبکہ گندا پانی کھڑا رہنے سے بدبو، مچھروں اور مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک سے ملاقات کر کے مسئلے کے حل کی درخواست کر چکے ہیں، تاہم انہیں صرف یقین دہانیاں ملتی ہیں اور تاحال کوئی مؤثر عملی اقدام سامنے نہیں آیا۔
شہریوں کے مطابق "صاف ستھرا پنجاب” پروگرام کی شکایتی ٹیم سے بھی کئی مرتبہ رابطہ کیا گیا، لیکن صفائی عملے کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا جاتا ہے کہ مذکورہ علاقہ ان کے دائرہ اختیار میں شامل نہیں اور یہ کسی دوسرے حلقے میں آتا ہے، جس کے باعث مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔
اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں فوری صفائی آپریشن کیا جائے، کھڑے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کے مستقل انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بیماریوں اور دیگر مسائل سے محفوظ رکھا جا سکے۔
نوٹ: اس خبر میں صفائی کی صورتحال اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی سے متعلق الزامات اور مؤقف مقامی شہریوں اور اہل علاقہ کے بیانات پر مبنی ہیں۔ متعلقہ ادارے یا حکام اپنا مؤقف دینا چاہیں تو کیو این این ورلڈ اسے بھی شائع کرے گا۔