اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار حبیب خان)موٹر وے M-5 پر اوچ شریف انٹرچینج کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک نامعلوم شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ کار رحیم یار خان سے لاہور کی جانب جا رہی تھی کہ اچانک توازن کھو بیٹھی اور سڑک پر کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی الٹ گئی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس اور ریسکیو کی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔
امدادی ٹیموں نے گاڑی کو کاٹ کر زخمیوں اور لاش کو باہر نکالا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی ہے، جبکہ زخمیوں کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت فی الوقت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ انتہائی ہولناک تھا اور گاڑی کی رفتار بہت زیادہ تھی۔ مقامی شہریوں نے ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی کو تو سراہا ہے، تاہم انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ موٹر وے پر طویل سفر کرنے والے ڈرائیورز کے لیے آرام کے وقفوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ نیند کے باعث ہونے والے ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔
موٹر وے پولیس نے جائے وقوعہ سے گاڑی کو ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی ہے اور حادثے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔