لاہور (کیو این این ورلڈ) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، جس کا فوری حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت نافذ کی گئی یہ پابندی آئندہ 30 روز تک برقرار رہے گی۔ حکومت کی جانب سے غیر ریگولیٹڈ ڈرونز کے استعمال کو امن و امان کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے اور خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ڈرونز کے ذریعے سکیورٹی اور حساس سرکاری امور میں مداخلت کی جا سکتی ہے۔
حکم نامے کے مطابق پنجاب کی حدود میں آؤٹ ڈور ڈرون فلائنگ پر مکمل پابندی ہوگی، تاہم ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات میں چھوٹے ڈرونز کے محدود اور محفوظ استعمال کی اجازت برقرار رکھی گئی ہے۔ ان ڈور ڈرون کے استعمال کی تمام تر ذمہ داری ایونٹ آرگنائزر پر ہوگی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس اور لا انفورسمنٹ ایجنسیز کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ عوامی جان و مال کے تحفظ اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ سخت فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکومت نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔