پروفیسر محمد تسلیم عالم؛ ضلع بہاولپور میں تعلیمی و انتظامی اصلاحات کی روشن مثال
رپورٹ: پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاہر جلالوی

تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد اور سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ ایک باصلاحیت اور دیانتدار منتظم نظامِ تعلیم کو مؤثر سمت دے سکتا ہے۔ پروفیسر محمد تسلیم عالم انہی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے ضلع بہاولپور میں محکمہ ہائر ایجوکیشن کے تحت نمایاں خدمات انجام دیں۔


انہوں نے 15 اگست 2022 کو بطور ایڈیشنل چارج ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز بہاولپور ذمہ داریاں سنبھالیں، بعد ازاں 19 نومبر 2022 کو مستقل تقرری ہوئی۔ 3 فروری 2026 کو دوسری مدت کے لیے چارج سنبھالا۔ بطور ڈپٹی ڈائریکٹر، انہوں نے دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر انتظامی صلاحیتوں کے ساتھ خدمات انجام دیں۔

وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات اور محکمہ ہائر ایجوکیشن کے اعلیٰ حکام کے وژن کے مطابق ضلع کے سرکاری کالجوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرم ہیں۔ عملی مثال قائم کرتے ہوئے انہوں نے اپنی بیٹی کو بھی گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین ڈی ایم آر بہاولپور میں داخل کروایا۔

انہوں نے داخلہ مہم کو مؤثر بنانے کے لیے پرنسپلز اور اساتذہ کے ہمراہ عوامی رابطہ مہم چلائی اور “سرکاری کالجز، معیاری کالجز” کا پیغام عام کیا۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، بار ایسوسی ایشنز اور دیگر سماجی حلقوں سے رابطے کر کے سرکاری کالجوں پر اعتماد بحال کیا۔

ان کی نگرانی میں ضلع بھر میں آرٹ گیلریاں قائم ہوئیں اور بیس ہزار درخت لگانے کی مہم مکمل کی گئی۔ کالجوں میں “وال آف پرائیڈ”، ویب سائٹس، واٹر فلٹریشن پلانٹس، آئی ٹی لیبز، اسمارٹ کلاس رومز اور سائنس لیبارٹریز کے قیام میں پیش رفت ہوئی۔ پرنسپل آفسز اور اسٹاف رومز کی بہتری، فعال فرنیچر کی فراہمی اور کلریکل اسٹاف کی ترقیوں میں بھی سہولت فراہم کی گئی۔

گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج خیر پور ڈاہا کی نئی عمارت کی تعمیر میں معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا۔ مختلف ثقافتی، تعلیمی اور اسپورٹس سرگرمیوں کے انعقاد میں فعال کردار ادا کیا، جن میں ہائر ایجوکیشن اسپورٹس ایونٹس اور فٹبال چیمپئن شپ شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب ہونہار اسکالرشپ پروگرام کی کامیاب تکمیل میں بھی نمایاں کردار رہا۔

ان کی قیادت میں 2024-2025 کے دوران ضلع بہاولپور کے طلبہ نے بی آئی ایس ای بہاولپور میں نمایاں پوزیشنز حاصل کیں اور صوبائی تقریری و مضمون نویسی مقابلوں میں کامیابیاں سمیٹیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے کالجوں کی کارکردگی اور داخلہ مہم کو اجاگر کیا۔ ان کی قیادت میں انتظامی شفافیت، نظم و ضبط اور تعلیمی معیار میں بہتری آئی۔ مؤثر مانیٹرنگ، ٹیم ورک اور پالیسی عملدرآمد کے ذریعے اداروں کو مضبوط بنیادیں فراہم کی گئیں۔

پروفیسر محمد تسلیم عالم کی خدمات نے ضلع بہاولپور میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، ادارہ جاتی وقار اور تعلیمی معیار کی بہتری میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت اور پیشہ ورانہ وابستگی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔



جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے