اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی سالانہ رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرا دی ہے جس کے مطابق ملک کی 97 فیصد آبادی سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہو چکی ہے۔ ترجمان نادرا شباحت علی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو بیان کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ شہریوں کی مجموعی تعداد 22 کروڑ 70 لاکھ ہے، جن میں 52 فیصد مرد اور 48 فیصد خواتین شامل ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نادرا کے بائیومیٹرک ڈیٹا بیس میں 17 کروڑ شہریوں کے چہروں کی شناخت، ایک ارب 68 کروڑ فنگر پرنٹس اور 70 لاکھ افراد کی آنکھوں کا ڈیٹا محفوظ ہے، جبکہ مجموعی رجسٹریشن میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق 3 کروڑ 19 لاکھ بچوں کا اندراج یونین کونسلز میں تو موجود ہے تاہم وہ تاحال نادرا سے رجسٹرڈ نہیں ہیں، البتہ گزشتہ برس بچوں کی رجسٹریشن میں 18 فیصد اور خواتین کی رجسٹریشن میں 8 فیصد بہتری آئی ہے۔
ترجمان شباحت علی کا مزید کہنا ہے کہ ملک بھر میں نادرا کے 938 رجسٹریشن سینٹرز فعال ہیں اور سال 2025 کے دوران 75 نئے سینٹرز اور 138 نئے کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں اور سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے بتایا گیا کہ پاک آئی ڈی ایپلیکیشن نادرا کی 15 فیصد ذمہ داری سنبھال چکی ہے، جس کے ڈاؤن لوڈز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔