ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ضلعی محکمہ تعلیم کے دفتر میں سی ای او ایجوکیشن شازیہ بانو کی زیر صدارت پیکٹا (PECTAA) کے سالانہ امتحانات کے انعقاد سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امتحانی انتظامات، مراکز کے قیام، سکیورٹی اور نگران عملے کی تعیناتی جیسے کلیدی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز شکیل احمد، فیاض احمد، ڈاکٹر اسماء احسان اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ ذمہ داران نے شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع بھر میں جماعت ہشتم کے امتحانات کے لیے 84 مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں 14 ہزار 563 طلبہ و طالبات امتحان دیں گے۔

امتحانی عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے 579 اساتذہ اور اہلکاروں کو بطور سپروائزری اسٹاف تعینات کیا گیا ہے۔ سی ای او ایجوکیشن شازیہ بانو نے سخت ہدایت کی کہ امتحانی مراکز میں پینے کے صاف پانی، سکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ یکسوئی کے ساتھ پرچے حل کر سکیں۔

انہوں نے مزید زور دیا کہ امتحانی عمل کو "طالبعلم دوست” بنایا جائے اور بچوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ شازیہ بانو نے واضح کیا کہ نقل کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور تمام افسران اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے ادا کریں تاکہ امتحانی نظام کی شفافیت پر کوئی حرف نہ آئے۔

سی ای او ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تعلیم دوست ویژن اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی پالیسیوں کے عین مطابق ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر امتحانی شیڈول کو حتمی شکل دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے