کراکس (کیو این این ورلڈ) وینزویلا اور کیوبا نے گزشتہ ہفتے کراکس میں ہونے والی امریکی فوجی کارروائی کے نتیجے میں مارے گئے اپنے 55 فوجی اہلکاروں کے نام اور تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیوبا کی حکومت نے صدارتی محل پر حملے کے دوران ہلاک ہونے والے اپنے 32 اہلکاروں کی فہرست شائع کی ہے، جبکہ وینزویلا کی فوج نے بھی اپنے 23 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے نام جاری کر دیے ہیں۔ کیوبا کے سرکاری میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں وزارت داخلہ کے 21 اہلکار شامل تھے، جن میں دو کرنل اور ایک لیفٹیننٹ کرنل رینک کے اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں، جبکہ دیگر کا تعلق انقلابی مسلح افواج سے تھا۔
دوسری جانب وینزویلا کی فوج کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے 23 اہلکاروں میں 5 ایڈمرل، مختلف رینک کے 16 سارجنٹس اور 2 سپاہی شامل ہیں۔ ادھر امریکی حکام کا اندازہ ہے کہ کراکس میں صدر نکولس مادورو کے کمپاؤنڈ پر شدید فائرنگ اور مزاحمت کے دوران ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 75 کے لگ بھگ ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی ڈیلٹا فورس نے وینزویلا پر اچانک حملہ کر کے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو صدارتی محل سے حراست میں لے لیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کے خلاف منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔