نیپئیر (کیو این این ورلڈ) نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بریٹ رینڈل نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ "پلنکٹ شیلڈ” کے ایک میچ کے دوران محض پانچ گیندوں پر مسلسل پانچ وکٹیں حاصل کر کے کرکٹ کی دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ یہ منفرد اعزاز انہوں نے ناردرن ڈسٹرکٹس کے خلاف کھیلتے ہوئے حاصل کیا۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل ڈسٹرکٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے بریٹ رینڈل نے میچ کے دوسرے روز تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور مجموعی طور پر صرف 25 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یہ نہ صرف ان کے کیریئر کی بہترین بولنگ ہے بلکہ سینٹرل ڈسٹرکٹس کی ٹیم کی جانب سے بھی اب تک کی سب سے عمدہ انفرادی کارکردگی قرار دی جا رہی ہے۔ ان کی مسلسل پانچ وکٹوں کا شکار ہونے والوں میں نیوزی لینڈ کے تجربہ کار اوپنر جیت راول اور فاسٹ بولر کرسٹین کلارک بھی شامل تھے۔

بریٹ رینڈل کی بولنگ کی خاص بات ان کا غیر معمولی تسلسل تھا، جہاں انہوں نے 8 گیندوں کے اسپیل میں 6 وکٹیں اور محض 12 گیندوں کے دوران 7 وکٹیں حاصل کر کے مخالف بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ ان کی اس جادوئی بولنگ کے باعث ناردرن ڈسٹرکٹس کی پوری ٹیم، سینٹرل ڈسٹرکٹس کے 373 رنز کے تعاقب میں محض 82 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

واضح رہے کہ پروفیشنل کرکٹ میں 5 گیندوں پر 5 وکٹیں لینے کا ریکارڈ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں آئرلینڈ کے کرٹس کیمفر نے ایک ڈومیسٹک میچ میں قائم کیا تھا، تاہم فرسٹ کلاس کرکٹ میں بریٹ رینڈل کی یہ کارکردگی ایک نادر اور تاریخی واقعہ ہے۔ اس فتح کے بعد سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں بریٹ رینڈل کی صلاحیتوں کا بھرپور اعتراف کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے