تہران (کیو این این ورلڈ) پاسداران انقلاب ایران (IRGC) نے "آپریشن وعدہ صادق 4” کے تحت اسرائیل اور امریکی فوجی مراکز کے خلاف حملوں کی ایک نئی اور طاقتور لہر کا آغاز کر دیا ہے، جس میں تین گھنٹے تک مسلسل میزائل داغے گئے۔
ترجمان پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، اس تازہ ترین کارروائی میں اسرائیل کے شہر تل ابیب، بندرگاہ حیفہ، عراق کے شہر اربیل اور بحرین میں قائم امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ خاص طور پر جنوبی تل ابیب میں واقع سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز کو دوسری بار کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ان حملوں میں ایران نے اپنے جدید ترین میزائل ‘خیبر شکن’، ‘قدر’ اور ‘خرم شہر’ استعمال کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان میزائلوں میں متعدد وارہیڈز نصب تھے، جبکہ ‘قدر’ میزائل کے وارہیڈ کا وزن تقریباً ایک ٹن بتایا گیا ہے، جو اپنی تباہ کن صلاحیت کے لیے جانا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ "آپریشن وعدہ صادق 4” کا آغاز گزشتہ ماہ اس وقت ہوا تھا جب امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں شروع کی تھیں۔ ایرانی حکام کا موقف ہے کہ یہ حملے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب ہیں اور اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک خطے میں طاقت کا توازن برقرار نہیں ہو جاتا۔