ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سکھ یاتریوں کے 20 رکنی وفد نے اپنے روحانی پیشوا بابا گرو نانک کی جائے پیدائش، گوردوارہ جنم استھان کا دورہ کیا۔ یہ وفد بھارتی نژاد سماجی کارکن جسپال کور کی قیادت میں یہاں پہنچا، جہاں مقامی سکھ رہنماؤں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
وفد کے ارکان نے گوردوارہ جنم استھان میں بابا گرو نانک کی جائے پیدائش پر حاضری دی اور متھا ٹیکی، اکھنڈ پاٹ، شبد کیرتن اور ارداس سمیت اپنی دیگر مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس مقدس موقع پر یاتریوں نے دنیا بھر میں امن و امان، خوشحالی اور بالخصوص پاکستان کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
سکھ یاتریوں نے گوردوارہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور سکھ مذہب کے اس مقدس ترین مقام کی بہترین تزئین و آرائش اور حفاظت پر حکومتِ پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ گوردوارہ انتظامیہ کی جانب سے وفد کے ارکان کو روایتی یادگاری ‘سروپا’ (اعزازی شال) بھی پیش کیے گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جتھہ لیڈر جسپال کور اور دیگر یاتریوں نے کہا کہ وہ شاندار مہمان نوازی پر پاکستانی حکومت اور عوام کے بے حد مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر جو خوشی ملی اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، یہاں سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات اتنے بہترین ہیں کہ ہمیں محسوس ہی نہیں ہو رہا کہ ہم کسی دوسرے ملک میں آئے ہیں۔
یاتریوں کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی محبت اور حسنِ سلوک دیکھ کر ان کا دل بار بار یہاں آنے کو کر رہا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ واپس جا کر دنیا کو پاکستان کا حقیقی، پرامن اور مثبت چہرہ دکھائیں گے اور بتائیں گے کہ پاکستان اقلیتوں کے لیے کتنا محفوظ اور محبت کرنے والا ملک ہے۔