گوجرخان (کیو این این ورلڈ) گوجرخان کے نواحی علاقے میں واقع ‘ہون ڈیم’ میں نہاتے ہوئے دو نوجوان گہرے پانی میں ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے لڑکوں کی شناخت عرفان اور شاہزیب کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمریں 17 سے 18 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا اور بڑی تعداد میں مقامی افراد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں دوست گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے ڈیم میں نہانے گئے تھے کہ اس دوران اچانک پاؤں پھسلنے یا توازن برقرار نہ رکھنے کے باعث گہرے پانی کی زد میں آ گئے اور ڈوب گئے۔ وہاں موجود دیگر افراد کی جانب سے شور مچانے پر مقامی لوگ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو غوطہ خوروں نے انتھک جدوجہد کے بعد دونوں نوجوانوں کی لاشیں پانی سے نکال کر باہر منتقل کیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں سے ضروری کارروائی کے بعد انہیں لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈیم کے بعض مقامات پر پانی انتہائی گہرا ہے جس کے بارے میں اکثر نوجوانوں کو علم نہیں ہوتا اور وہ انجانے میں حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے گھروں میں لاشیں پہنچنے پر صفِ ماتم بچھ گئی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیموں اور برساتی نالوں میں نہانے سے گریز کریں تاکہ ایسے قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔